ایک معروف ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہاہے کہ محسن نقوی کیا قائد اعظم ہیں کہ ان کی ذات پر میں تین سال سے تبصرہ کررہا ہوں؟ میں نے کبھی محسن نقوی کی ذات پر تبصرہ کیا نہ کروں گا، وہ جو ہیں میرے خیال میں بس وہی ہیں، اس پر تبصرے کی ضرورت ہی نہیں۔
محسن نقوی کی کارگزاری پر بطور کولیگ اور سیاسی کارکن بات کرنا میرا حق ہے، میں نے ہمیشہ وزیرداخلہ کہہ کر مخاطب کیا کبھی چیئرمین پی سی بی نہیں کہا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ وہ کہتے ہیں کہ منہ چھپانےکے قابل نہیں چھوڑوں گا، مجھے تو منہ چھپانےکی ضرورت ہی نہیں پڑنی، ہم نے تو ہمیشہ منہ اور سینہ کھلا رکھا، آپ اپنی منہ چھپانے کی قابلیت کی فکر کریں، اپنی فکر کریں جب منہ چھپانے کی ضرورت پڑے تو اس قابل ہوں، مجھے ایسی ضرورت نہیں پڑےگی۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور کا کہنا تھا کہ انھوں نے تقریر میں وزیراعظم سے متعلق غیرمتعلقہ ریمارکس دیے، میں نے ان چیزوں پر اعتراض کیا،میں نے کہا یہ معاملہ پارلیمنٹ میں آنا ہے اور اس پر اتفاق رائےکے بغیر آگے نہیں بڑھا جاسکتا، انھوں نے غیرمتعلقہ باتیں کرکے یہ معاملہ الجھا دیا، اب یہ معاملہ متنازع ہوکر پارلیمنٹ میں آئےگا۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر زرداری اور بلاول بھٹو کہہ رہے ہیں کہ ہم سے تو کسی نے بات ہی نہیں کی تو پھر چار ماہ آپ کرتے کیا رہے ہیں؟ جس جگہ پر آپ ہروقت موجود ہوتے ہیں وہ آپ کے محسن بھی ہیں، ان کو بھی آن بورڈ نہیں لے سکے تو یہ آپ کی ناکامی ہے۔
دھمکیاں دینے سے میرے جیسے بندے خاموش ہونے والے نہیں، اگر دلیل ہے تو شارٹ ٹیمپرڈ ہونےکی کیا ضرورت ہے، یہ جواب میں کہیں کہ یہ کردوں گا وہ کردوں گا، بسم اللہ کریں جوکام آپ نے کرنا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میں نے صدر زرداری کو ایک سے زیادہ بارکہتے سنا ہےکہ محسن نقوی میرے بیٹے ہیں۔

