سینئر تجزیہ کار محمد مالک نے بڑی خبر دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مریم نواز کو ن لیگ کی صدارت دلانے کی کوششیں کی جارہی ہے تاہم نواز شریف کافی مخالفت میں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اندر قیادت کی تبدیلی اور آئندہ کی سیاسی حکمتِ عملی کے حوالے سے بڑی خبر سامنے آگئی۔
سینئر تجزیہ کار محمد مالک نے اپنے پروگرام میں تہلکہ خیز انکشاف کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ن لیگ کے اندر موجود "مریم نواز گروپ” نواز شریف کی جگہ مریم نواز کو پارٹی صدر بنانے کے لیے سرگرم ہے ۔
محمد مالک کا کہنا تھا کہ اس گروپ کا ماننا ہے کہ میاں نواز شریف کی صحت اب ویسی نہیں رہی جیسی پہلے تھی، اس لیے اگر مریم نواز کو پارٹی صدارت سونپ دی جائے تو وہ آئندہ عام انتخابات میں وزیراعظم کی امیدوار بن کر سامنے آ سکتی ہیں۔
سینئر تجزیہ کار نے یہ بھی واضح کیا کہ اس تجویز پر پارٹی کے اندر شدید اختلافات پائے جاتے ہیں تاہم اطلاعات کے مطابق نواز شریف کے قریبی اور کئی اہم حلقے اس اقدام کی کھل کر مخالفت کر رہے ہیں، کیونکہ ان کا خیال ہے کہ مریم نواز کو صدر بنانے سے پارٹی کے اندر "طاقت کی سمت بدل جائے گی۔
انھوں نے مزید بتایا کہ اس طرح کی کوشش سات آٹھ ماہ پہلے بھی ہوئی تھی جسے روک دیا گیا تھا، اور تاحال نواز شریف نے اس معاملے پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر مریم نواز 2029 میں امیدوار بنتی ہیں تو پنجاب میں ان کی جگہ کون لے گا، اس پر بھی گروپ کے اندر چہ مگوئیاں ہیں جن کے نام وہ مستقبل میں سامنے لائیں گے۔

