ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ میناَب میں ہلاک ہونے والے 168 بچوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اس واقعے کا ذمہ دار امریکا اور اسرائیل کو قرار دیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ اس سے بڑا دکھ کوئی نہیں کہ ایک باپ اپنے اس بچے کو دفن کرے جسے ابھی اس کی بانہوں میں ہونا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ ان بچوں کو کبھی نہیں بھلایا جائے گا۔ یہ واقعہ انسانی حقوق کے تحفظ کے دعوے کرنے والوں کے دوہرے معیار کو بھی بے نقاب کرتا ہے۔
دوسری جانب ایرانی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی نے کہا ہے کہ امریکا کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی بحری شہ رگ کو منقطع نہیں کیا جا سکتا۔
شہرام ایرانی کے مطابق دشمن ایران کا کوئی فوجی ہدف حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ کے دوران بحری ناکہ بندی کا اعلان خود دشمن کی ناکامی کا اعتراف ہے۔

