مملکتِ سعودی عرب روانہ ہونے والے پاک فوج کے دستوں کے اعزاز میں گزشتہ روز ایک پروقار الوداعی تقریب منعقد کی گئی، جس میں وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس تقریب میں پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح طامی البقمی، چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عمر بشیر بھی شریک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے ان دستوں کی تعیناتی سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہے، جس کی جڑیں دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری اور برادرانہ تعلقات میں پیوست ہیں۔ پاکستان مملکتِ سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کے تقدس کے تحفظ کے اپنے عہد پر ثابت قدم ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ دستے طے شدہ معاہدوں اور دفاعی تعاون کے باقاعدہ فریم ورک کے تحت سعودی حدود کے اندر اپنی تفویض کردہ ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔
ابھرتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کے تناظر میں یہ تعیناتی سعودی عرب کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
یہ الوداعی تقریب پاکستان اور سعودی عرب کے مابین اخوت، باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک تعاون کے لازوال رشتوں سمیت سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا مظہر ہے۔

