اسرائیل نے جنگ بندی ختم ہوتے ہی غزہ میں انسانی امداد روک دی

0

اسرائیلی حکومت نے جنگ بندی کے پہلے مرحلے کے اختتام کے فوراً بعد غزہ کے لیے انسانی امداد کی ترسیل معطل کر دی ہے۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ فیصلہ وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کیا گیا۔

اسرائیلی چینل 12 کے مطابق، جیسے ہی جنگ بندی باضابطہ طور پر ختم ہوئی، امدادی ٹرکوں کی ترسیل روک دی گئی۔ چینل 14 کا کہنا ہے کہ یہ اقدام امریکہ کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا۔

ہفتے کی آدھی رات کو جنگ بندی کے 42 روزہ پہلے مرحلے کا اختتام ہوا، تاہم اسرائیل نے ابھی تک دوسرے مرحلے یا مکمل جنگ بندی کا اعلان نہیں کیا۔

عارضی جنگ بندی پر غور

اتوار کو اسرائیل نے امریکی ایلچی اسٹیو وٹ کوف کی تجویز پر رمضان اور پاس اوور کے دوران محدود جنگ بندی پر غور کرنے کا عندیہ دیا، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

انسانی بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ

غزہ مسلسل اسرائیلی بمباری کی زد میں ہے، اور امداد کی معطلی سے پہلے ہی تباہ حال علاقے میں انسانی بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔ فلسطینی حکام کے مطابق، جنگ کے آغاز سے اب تک 48,380 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.