احتساب عدالت راولپنڈی میں پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض، چوہدری پرویز الٰہی سمیت 17 ملزمان کیخلاف تخت پڑی ریفرنس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے عدم حاضری پر ملک ریاض، علی ملک کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔۔۔ ملزمان کو آئندہ سماعت پر گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم۔۔۔ ملزمان پر موضع تخت پڑی اور اطراف میں ہاؤسنگ سوسائٹی کیلئے سرکاری زمین پر قبضے کا الزام ہے ۔۔۔
تخت پڑی ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت راولپنڈی کے جج محمد اکمل خان نے کی۔ سماعت کے موقع پر سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے وکیل عدالت پیش ہوئے اور اپنے موکل کا میڈیکل سرٹیفکیٹ داخل کروایا۔ عدالت نے میڈیکل سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر چوہدری پرویز الٰہی کی ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔
ریفرنس میں نامزد 10 ملزمان کے علاوہ 4 کے وکلاء عدالت پیش ہوئے، عدالت نے تمام 14 ملزمان کو 5 لاکھ روپے فی کس مالیت کے حساب سے مچلکے داخل کرانے کا حکم دیا جبکہ عدم حاضری پر ملک ریاض، علی ریاض ملک کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ ریفرنس میں مجموعی طور 17 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔
عدالت نے ریفرنس پر مزید سماعت 16 اپریل تک کے لئے ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف گزشتہ ماہ ریفرنس دائر کیا گیا تھا جس میں ملزمان کو سرکاری خزانے کو 335 ارب روپے کا نقصان پہنچاتے ہوئے موضع تخت پڑی اور اطراف میں ہاؤسنگ سوسائٹی کیلئے سرکاری زمین پر قبضہ کرنے کا الزام ہے۔
