ایران پر حملے کی صورت میں امریکی فوجی اڈے بھی محفوظ نہیں رہیں گے،اسپیکر پارلیمان ایران
ایران کی پارلیمنٹ مجلسِ شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران پر امریکا یا اس کے اتحادیوں نے حملہ کیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، اور پورا علاقہ دھماکوں سے لرز اٹھے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں امریکی فوجی اڈے بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔
عالمی یومِ قدس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر قالیباف نے ایران کے مغربی ممالک سے مذاکرات اور امریکی پالیسیوں پر شدید تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران پر مذاکرات کے ذریعے اپنے مطالبات مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مگر ایرانی عوام ایسی کسی بھی چال کو قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی حکام ایران کی اقتصادی ترقی کو روکنے اور دفاعی صلاحیتوں کو محدود کرنے کے درپے ہیں۔ لیکن ایران اپنے عوام، قیادت اور مسلح افواج پر مکمل اعتماد رکھتا ہے اور کسی بھی بیرونی دباؤ یا دھمکی سے خوفزدہ نہیں ہوگا۔
اسرائیل اور امریکا کو سخت پیغام دیتے ہوئے اسپیکر پارلیمان نے کہا کہ اگر ایران کی خودمختاری اور سلامتی کو خطرہ لاحق ہوا تو خطے میں ایسی آگ بھڑک اٹھے گی جسے قابو پانا ممکن نہیں ہوگا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران ہمیشہ منصفانہ اور تعمیری مذاکرات کے لیے تیار ہے، مگر دباؤ یا زبردستی مسلط کیے گئے معاہدے کسی صورت قبول نہیں کیے جائیں گے۔
ایرانی عوام کی یکجہتی پر زور دیتے ہوئے ڈاکٹر قالیباف نے کہا کہ داخلی طاقت اور خودانحصاری کے ذریعے معاشی مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے، اور دشمن کو بالآخر ایران کی حقیقت کو تسلیم کرنا ہوگا۔