فیصل آباد :مضر صحت گوشت کا مکروہ دھندہ کرنے والا مافیا قانون کے شکنجے میں آ گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے اوکاڑہ روڈ پر غیر قانونی مذبح پر چھاپہ مارا، 110کلو بیمار جانور کا گوشت تلف کر کے مقدمہ درج اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
غیر قانونی مذبح خانہ میں صفائی کے ناقص انتظامات جبکہ انتہائی لازم ریکارڈ عدم موجود پایا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق موقع پر ویٹرنری سپیشلسٹ ٹیم نے گوشت کا مکمل معائنہ کیا۔ غیر قانونی سلاٹر ہاؤس کے مالک کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ ویجیلنس ٹیم کی خفیہ اطلاعات پر بروقت کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ عاصم جاوید کے مطابق غیر معیاری مضر صحت گوشت سپلائی روکنے کے لیے نئے قوانین لا رہے ہیں۔ مردہ بیمار جانور گوشت اور ملاوٹی مکھن کا خوراک میں استعمال معدہ اور جگر کے موذی امراض میں مبتلا کرتا ہے۔ جعل ساز مافیا زیادہ منافع کی لالچ میں خوراک نہیں بیماری فروخت کرتا ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں معیاری خوراک کی یقینی فراہمی کے لیے مسلسل چیکنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔