افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش ناکام، 54 خوارج ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی، کارروائی کے دوران تمام 54 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 25 اور 26 اپریل کی درمیانی شب شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاکستان-افغانستان سرحد پر خوارج کی گروپوں میں نقل و حرکت دیکھی گئی۔
سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی اس کوشش کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں تمام 54 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا
انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق یہ دہشتگرد عناصر اپنے غیر ملکی سرپرستوں کے اشارے پر پاکستان میں بڑی دہشتگرد کارروائیاں کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائیاں ایسے وقت میں کی جا رہی ہیں جب بھارت پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ خوارج کس کے اشارے پر سرگرم ہیں۔
حالیہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا تھا کہ بھارت کا مقصد پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی توجہ دہشتگردی کے خلاف جنگ سے ہٹانا ہے تاکہ خوارج کو دوبارہ منظم ہونے کا موقع مل سکے۔
تاہم، پاکستانی فورسز نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی اور عزم کے ساتھ نہ صرف یہ کوشش ناکام بنائی بلکہ ایک بڑے سانحے کو بھی بروقت ٹال دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، کسی ایک کارروائی میں اتنی بڑی تعداد میں خوارج کے خاتمے کا یہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز قوم کی سرحدوں کے دفاع اور ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔