امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس وقت شدید عوامی اور مذہبی ردعمل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب انہوں نے پوپ کے لباس میں اپنی مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی، وہ بھی ایسے وقت میں جب ویٹیکن پوپ فرانسس کے انتقال کے بعد سرکاری سوگ منا رہا ہے۔
یہ تصویر جمعہ کی رات ٹروتھ سوشل اور وائٹ ہاؤس کے سابقہ ٹویٹر (اب ایکس) اکاؤنٹ پر شائع کی گئی، جس میں ٹرمپ کو سفید پوپائی لباس، سونے کا صلیب، اور موتیوں کی مالا پہنے دکھایا گیا ہے۔ تصویر میں وہ آسمان کی طرف اشارہ کر رہے ہیں، جیسا کہ مذہبی آئیکنوگرافی میں عام طور پر دکھایا جاتا ہے۔
یہ متنازعہ پوسٹ ایسے وقت میں سامنے آئی جب ویٹیکن میں پوپ فرانسس کی 26 اپریل کو ہونے والی آخری رسومات کے بعد نو روزہ سرکاری سوگ جاری ہے اور دنیا بھر کے کارڈینلز روم میں نئے پوپ کے انتخاب کے لیے جمع ہو رہے ہیں۔
اٹلی کے سابق وزیر اعظم میٹیو رینزی نے اس اقدام کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا”یہ قیادت نہیں، بلکہ مذہب اور اداروں کا مذاق ہے۔ یہ ایمان والوں کی توہین ہے۔”
اسی طرح، نیو یارک اسٹیٹ کیتھولک کانفرنس نے بھی سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بیان جاری کیا”اس تصویر میں کچھ بھی مضحکہ خیز نہیں ہے، مسٹر صدر۔ ہم پوپ فرانسس کے سوگ میں ہیں۔ اس وقت کے تقدس کا احترام کریں۔”
اطالوی اخبار لا ریپبلیکا نے اس پوسٹ کو "بے ذائقہ” قرار دیا اور ٹرمپ کے طرزِ عمل کو "خودپسندانہ فریب” سے تعبیر کیا۔
ٹرمپ کی جانب سے کوئی براہِ راست وضاحت نہیں دی گئی، تاہم وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے دفاع میں کہا کہ ٹرمپ نے ہمیشہ مذہبی آزادی اور کیتھولک کمیونٹی کی حمایت کی ہے، اگرچہ وہ خود کیتھولک نہیں ہیں۔
ریپبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم نے طنزیہ تبصرہ کیا”یہ سن کر بہت پرجوش ہوں کہ ٹرمپ اگلے پوپ بننے کے لیے تیار ہیں! سفید دھوئیں کے انتظار میں ہوں… ٹرمپ MMXXVIII!”
انتہائی دائیں بازو کے اثرورسوخ رکھنے والے جیک پوسوبیک، جو حال ہی میں ٹرمپ کی رہائش گاہ مار-ا-لاگو میں کیتھولک دعائیہ تقریب میں شریک ہوئے تھے، نے ردعمل کو مسترد کرتے ہوئے کہا”میں خود کیتھولک ہوں، اور لوگ پورے ہفتے اگلے پوپ کے بارے میں مذاق کر رہے ہیں۔ اسے مزاح کہتے ہیں۔”
ویٹیکن کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم ذرائع کے مطابق چرچ کے اندرونی حلقے اس تصویر کو "نامناسب” قرار دے رہے ہیں اور صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، خاص طور پر ایسے نازک وقت میں جب کنکلیو کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔