بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر میں بلا اشتعال فضائی حملوں کے بعد اقوامِ متحدہ کے فوجی مبصرین کی ایک ٹیم مظفرآباد پہنچ گئی ہے تاکہ متاثرہ علاقوں کا زمینی جائزہ لے سکے۔
اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ برائے انڈیا و پاکستان (UNMOGIP) کے تحت کام کرنے والے مبصرین نے مقامی حکام اور سیکیورٹی اہلکاروں سے ملاقاتیں کیں اور متاثرہ شہریوں سے بھی براہ راست معلومات حاصل کیں۔
اقوام متحدہ کے اس مشن کا مقصد جنگ بندی کی ممکنہ خلاف ورزیوں کی نگرانی اور علاقے میں اقوامِ متحدہ کے چارٹر و بین الاقوامی امن معاہدوں کی پابندی کو یقینی بنانا ہے۔ مبصرین نے ان مقامات کا بھی دورہ کیا جہاں بھارتی حملوں سے رہائشی املاک، مساجد اور سویلین انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔
مظفرآباد انتظامیہ نے مبصرین کے اس دورے کو علاقے کے زمینی حقائق دنیا کے سامنے لانے کی اہم کوشش قرار دیا ہے۔ اقوامِ متحدہ کی ٹیم کی طرف سے جلد ہی نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کو ایک تفصیلی رپورٹ پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
حکومتِ پاکستان کی جانب سے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری پر بارہا زور دیا گیا ہے کہ بھارت کی مسلسل جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے اور علاقائی امن کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔