دنیا میں ماحولیاتی تبدیلی اور موسمیاتی خطرات سے نبرد آزما ممالک میں پاکستان پہلے نمبر پر ہے۔۔
جرمن واچ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا کا سب سے زیادہ ماحولیاتی خطرات کا شکار ملک بن گیا ہے، اب یہ کہنا غلط ہوگا کہ پاکستان ٹاپ 10 میں ہے، بد قسمتی سے ہم نمبر ون ہیں۔
ماحولیاتی آلودگی میں پاکستان کا حصہ معمولی ہے مگر سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہی ہو رہا ہے، شدید ماحولیاتی واقعات سے اموات اور معیشت دونوں خطرے میں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق طوفانی بارشیں، ژالہ باری، گلیشیئر پگھلاؤ کے خطرات میں شدید اضافہ صورتحال کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے پاکستانی عوام کو شدید موسم سے بچاؤ کی تربیت دینا وقت کی ضرورت ہے، پاکستان نے عالمی آلودگی میں معمولی حصہ ڈالا، مگر قیمت سب سے بڑی ہم ادا کر رہے ہیں۔
رپورٹ کہتی ہے کہ ماحولیاتی بحران صرف موسم نہیں بدل رہا، زندگیاں اور روزگار نگل رہا ہے، ماحولیاتی تبدیلی ہماری سرزمین کو چپ چاپ نگل رہی ہے، دنیا کو اب جاگنا ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق دنیا کے کاربن کے بڑے پیمانے پر استعمال کی سزا ہم جیسے ممالک کو کیوں مل رہی ہے، ماحولیاتی عدل کا وقت آ گیا ہے، بین الاقوامی برادری ماحولیاتی انصاف کے بغیر پائیدار ترقی کا خواب بھول جائے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گلوبل وارمنگ کا اصل محاسبہ کریں، تبھی ترقی پذیر ممالک اور غریب ممالک ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچ پائیں گے جب کہ پاکستان میں ماحولیاتی ایمرجنسی کے آثار، پالیسی ریفارمز اور عالمی مدد ناگزیر ہو چکی ہیں۔