پاکستان اور مصر کے درمیان سالانہ دوطرفہ مشاورت کا دسواں دور 21 جولائی کو ورچوئل ذرائع سے منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت، سائنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکریٹری (مشرق وسطیٰ) زاہد حسین نے کی، جبکہ مصری وفد کی سربراہی ایشیائی امور کے اسسٹنٹ وزیر خارجہ سفیر عمرو حمزہ نے کی۔ اجلاس میں مصر میں پاکستان کے سفیر عامر شوکت، پاکستان میں مصر کے سفیر ایہاب محمد عبدالحمید حسن اور دونوں ممالک کی وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔
مشاورتی اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا گیا اور مختلف شعبوں میں جاری تعاون کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور مصر کی قیادت کے درمیان اہم علاقائی اور عالمی امور پر مسلسل رابطے اور ہم آہنگی نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت، سائنسی تحقیق، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے تعاون کو مزید متنوع اور مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک نے اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں اور ادارہ جاتی روابط کے تسلسل کو بھی دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کے لیے ضروری قرار دیا۔
