موسمیاتی تبدیلی نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں شدید بارشوں اور سیلاب سے 24 افراد ہلاک ہو گئے۔ 24 خواتین ابھی تک لاپتہ ہیں۔
ٹیکساس میں گوادالوپے دریا کے کنارے شدید بارشوں کے نتیجے میں اچانک سیلاب آ گیا، جس میں کم از کم 24 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ ریسکیو ٹیمیں اُن درجنوں متاثرین کو بچانے کے لیے کوشاں رہیں جو اونچے پانی میں پھنس گئے ہیں، یا جن کے لاپتا ہونے کی اطلاع ہے۔
حکام کے مطابق لاپتا افراد میں 23 سے 25 لڑکیاں شامل ہیں، جو ایک مسیحی لڑکیوں کے سمر کیمپ میں موجود تھیں، یہ بارش سے لبریز گوادالوپے دریا کے کنارے واقع ہے۔
بحران کے آغاز کے تقریباً 18 گھنٹے بعد جمعہ کی رات ایک نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ کا کہنا تھا کہ ریسکیو کی کارروائیاں رات بھر اور ہفتے کے روز بھی جاری رہیں گی۔
دن بھر عوامی تقاریب کے اختتام پر ایئر فورس ون میں صحافیوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وفاقی امداد کے حوالے سے سوال پوچھا، جس پر ان کا کہنا تھا کہ ہم ان کا خیال رکھیں گے۔