نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نےاسلام آباد، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور آندھی طوفان کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع بشمول چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، بنوں، وزیرستان، اور دیگر علاقوں میں آئندہ 6 سے 12 گھنٹوں کے دوران شدید بارش اور طوفانی ہواؤں کا امکان ہے۔
اسی طرح اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع جیسے راولپنڈی، اٹک، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور، فیصل آباد اور میانوالی میں بھی موسلادھار بارش اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران درختوں کے گرنے، بجلی کی بندش، اور نازک تعمیرات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔حدِ نگاہ کم ہونے سے ٹریفک حادثات کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر محفوظ ڈھانچوں، درختوں اور بل بورڈز سے دور رہیں، گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر پارک کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
