کراچی:پٹاخوں کے گودام میں دھماکہ، 34زخمی اسپتال منتقل،وزیراعلیٰ کا نوٹس

کراچی کے ایم اے جناح روڈ کے زیریں علاقے لائنز ایریا میں پٹاخوں کے گودام میں دھماکے سے 34 افراد زخمی ہو گئے۔۔ تمام زخمیوں کو دو سرکاری اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔۔

وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔۔

کراچی کی مرکزی شاہراہ ایم اے جناح روڈ پر تاج کمپلیکس کے قریب گنجان آباد علاقے میں آتش بازی کے سامان کے گودام میں سہ پہر کے وقت دھماکا ہوا، دھماکا اتنا شدید تھا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور آس پاس کی عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے حسان الحق حسیب خان نے میڈیا کو بتایا کہ تاج میڈیکل کمپلیکس کے قریب چار منزلہ عمارت کے تہہ خانے میں ’ سپر فائر ورکس’ کے نام سے گودام قائم تھا، جہاں آتشبازی کے سامان کی تیاری کے لیے خام مال ذخیرہ کیا گیا تھا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق شارٹ سرکٹ کے باعث دکان میں آگ لگی اور انتہائی آتش گیر مواد کی موجودگی کی وجہ سے زوردار دھماکہ ہوا جس سے عمارت کے ستون اور دیواریں متاثر ہوئیں جبکہ بھاری سیمنٹ کے بلاک وہاں کھڑی گاڑیوں پر جاگرے۔ قریب کی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

انہوں نے کہا کہ 34 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے چار سے پانچ افراد بے ہوش ہیں اور ان کی حالت نازک ہے کیونکہ دھماکے اور آگ کے شدید اثرات ان پر پڑے ہیں۔

ترجمان ریسکیو 1122 نے بتایا کہ کے ایم سی فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کی 12 فائر ٹینڈرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ چونکہ وہاں دھماکہ خیز مواد ذخیرہ تھا اس لیے آگ گرمی کے باعث بار بار بھڑک اٹھتی ہے جس سے فائر فائٹرز کو مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ تہہ خانے سے گھنا دھواں نکل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آگ پر 60 سے 70 فیصد تک قابو پا لیا گیا ہے اور کوششیں جاری ہیں کہ اسے مکمل طور پر بجھایا جائے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے