غزہ پر اسرائیلی بمباری، 24 گھنٹے میں خواتین اور بچوں سمیت 100 فلسطینی شہید

غزہ:قابض صیہونی فوج کی غزہ میں بربریت تھم نہ سکی۔ آج صبح سے غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جن میں درجنوں فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں خواتین اور معصوم بچے بھی شامل ہیں۔

اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ شہر کی معروف الجلاء اسٹریٹ پر ایک رہائشی فلیٹ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور اس کی شیر خوار بچی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ مغربی غزہ کے علاقے الشاطی میں بھی ایک گھر پر بمباری کی گئی جبکہ مشرقی غزہ کے الصبرہ محلے میں ایک رہائشی عمارت پر فضائی اور زمینی گولہ باری کی گئی، جس میں سات افراد شہید اور کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔

جنوبی غزہ میں واقع نصیر میڈیکل کمپلیکس پر بھی اسرائیلی افواج نے بمباری کی، جس کے نتیجے میں 6 صحافیوں سمیت کم از کم 21 افراد شہید ہوئے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے ہسپتال جیسے محفوظ مقام پر بمباری کو جنگی جرم قرار دیا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں شہادتوں کی تعداد 100 تک جا پہنچی ہے۔ خان یونس کے علاقے المواصی میں بے گھر فلسطینیوں کی خیمہ بستی پر بھی بمباری کی گئی، جہاں درجنوں شہری لقمہ اجل بن گئے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے