اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں پاکستان کے سیکنڈ سیکرٹری محمد راشد نے بھارت کو خطے میں دہشتگردی اور ریاستی جبر کا اصل ذمہ دار قرار دے دیا۔
بھارت کے وزیر خارجہ کے بیان کے جواب میں پاکستان کے سیکنڈ سیکرٹری محمد راشد نے کہا کہ انڈیا دہشت گردی کا سب سے بڑا مرتکب، خطے کا غاصب اور غنڈہ ہے۔ سرحد پار دہشت گردانہ نیٹ ورک چلاتا ہے اور پراکسی کے ذریعے پاکستان کے اندر اور باہر کارروائیاں کرتا ہے۔ کلبھوشن کی گرفتاری اس کا ثبوت ہے۔
محمد راشد نے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر پہلگام واقعے کی مذمت کی۔ آزاد اور شفاف تحقیقات کی پیشکش کی جسے فوراً رد کر دیا گیا۔ بھارت نے اس واقعہ کی بنیاد پرکھلی جارحیت کی جس پر پاکستان نے بھرپور جواب دیا۔ متعدد جنگی طیارے مار گرائے ۔ دشمن کی فوج کا بھاری نقصان ہوا۔ آئینہ دکھانے پر بھارتی سفارتکار اٹھ کر چلا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد قیمتی جانوں کی قربانی دی ہے۔ہمارے پڑوسی ملک کی جانب سے دہشت گردی کے بارے میں جھوٹے الزامات، دراصل بار بار جھوٹ دہرا کر اسے سچ بنانے کی کوشش ہے۔
سیکنڈ سیکرٹری محمد راشد کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے۔ جنوبی ایشیا کے 1.9 ارب عوام، جو دنیا کی ایک چوتھائی آبادی ہیں، خوشحالی اور استحکام کے مستحق ہیں مگر یہ مقاصد دھمکیوں اور خوف کی فضا میں حاصل نہیں ہو سکتے۔