پاکستانی اعلیٰ سطحی وفد آج افغانستان روانہ، دوطرفہ تجارت اور بارڈر امور پر مشاورت ہوگی

0

اسلام آباد — پاکستان کا ایک اعلیٰ سطحی وفد آج افغانستان کے دورے پر روانہ ہو رہا ہے، جہاں افغان حکام کے ساتھ دوطرفہ تجارت، سرحدی انتظامات اور نقل و حرکت کے نظام میں بہتری سے متعلق اہم امور پر مشاورت کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق، دورے کے دوران "ون ڈاکومنٹ رجیم” کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت متوقع ہے۔ دونوں ممالک کے حکام تجارتی تعاون میں اضافے، بارڈر مینجمنٹ کے طریقہ کار کی بہتری، اور دوطرفہ نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے عملی تجاویز پر غور کریں گے۔

حکام کے مطابق یہ دورہ پہلے سے طے شدہ تھا اور اس کا حالیہ طورخم بارڈر کی بندش یا کسی موجودہ کشیدگی سے کوئی تعلق نہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی وفد افغان حکام سے مختلف سطحوں پر ملاقاتیں کرے گا جن میں اعتماد سازی کے اقدامات اور علاقائی تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو مستحکم بنانے اور سرحدی ہم آہنگی میں بہتری لانے کے لیے مسلسل بات چیت جاری ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.