راولپنڈی — جنوبی افریقا نے پاکستان کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 55 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم 195 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 19ویں اوور کی پہلی گیند پر 139 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 37، محمد نواز نے 36 اور صاحبزادہ فرحان نے 24 رنز بنائے۔ دیگر بیٹرز میں بابر اعظم صفر، فہیم اشرف 1، سلمان علی آغا 2، حسن نواز 3، شاہین شاہ آفریدی 4، نسیم شاہ 9 اور عثمان خان 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے کاربن بوش نے 4، جارج لینڈا نے 3 جبکہ لزاڈ ولیمز نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی، جس نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 194 رنز بنائے۔
ریزا ہینڈرکس 60، جارج لینڈے 36 اور ڈی زورزی 33 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 3، صائم ایوب نے 2 جبکہ شاہین آفریدی، ابرار احمد اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اعداد و شمار کے مطابق، پی ایس ایل 10 کے دوران اسی گراؤنڈ پر پہلی اننگز کا اوسط اسکور 210 رہا ہے۔ بولرز کے لیے یہ وکٹ قدرے مشکل رہی، جہاں معمولی غلطی بھی مہنگی ثابت ہوئی۔
سیریز کے پہلے میچ کو چھاتی کے سرطان سے آگاہی مہم سے منسلک کیا گیا تھا۔ پاکستانی ٹیم نے گلابی رنگ کی خصوصی کٹ زیب تن کی، جب کہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی، میچ آفیشلز اور کمنٹیٹرز نے گلابی ربن پہن کر آگاہی پیغامات دیے۔
