مکہ مکرمہ — سعودی عرب میں ادارہ امورِ حرمین شریفین نے عمرہ زائرین کی رہنمائی کے لیے ایک جدید ڈیجیٹل ایپ "دلیل المصلی” متعارف کروا دی ہے، جو اردو سمیت کئی بین الاقوامی زبانوں میں دستیاب ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق، اس ڈیجیٹل رہنما ایپ کے ذریعے زائرین کو نمازوں کے اوقات، ائمہ و موذنین کا تعارف، قرآنِ کریم کے ڈیجیٹل نسخے، خطباتِ جمعہ، حرمین میں ہونے والے دروس اور مسنون اذکار تک آسان رسائی حاصل ہو گی۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ رمضان المبارک میں اعتکاف کے رہنما اصولوں سے متعلق مکمل معلومات بھی اسی پلیٹ فارم پر فراہم کی گئی ہیں، جبکہ ڈیجیٹل واچ فیچر کے ذریعے نمازوں کے درمیانی وقفے کی نشاندہی بھی کی جا سکے گی۔
یہ ایپ عربی، اردو، انگریزی، ترکی، فرانسیسی، ملاوی اور انڈونیشی زبانوں میں دستیاب ہے۔ ایپ کے استعمال کو انتہائی سہل بنایا گیا ہے اور زائرین حرمین شریفین میں نصب ’کیو آر کوڈ‘ اسکین کر کے ایپ کو اپنے موبائل فون پر انسٹال کر سکتے ہیں، جس کے بعد وہ اپنے روحانی سفر میں مزید آسانی اور سکون محسوس کر سکیں گے۔
دوسری جانب وزارتِ حج و عمرہ نے بتایا ہے کہ رواں عمرہ سیزن کے آغاز سے لے کر گزشتہ ماہ کے اختتام تک اندرونی و بیرونی زائرین کی مجموعی تعداد 38 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
وزارت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، یہ تعداد گزشتہ برس کی نسبت 6 فیصد زیادہ ہے، جب کہ 28 لاکھ سے زائد زائرین بیرون ملک سے عمرہ ویزے پر سعودی عرب پہنچے۔
رپورٹ کے مطابق، اس سال 135 مختلف ممالک سے زائرین نے مملکت کا سفر کیا اور عمرہ کی سعادت حاصل کی۔
