لیاری فٹبال اکیڈمی کا سنگاپور میں بڑا کارنامہ — سنگا کپ 2025 کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی
کراچی – پاکستان کے فٹبال کے مرکز لیاری سے تعلق رکھنے والی لیاری فٹبال اکیڈمی نے اپنے شاندار کھیل کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے سنگاپور میں جاری “سنگا کپ 2025” کے انڈر 16 ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
یہ کامیابی ایشیا کے سب سے بڑے یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق لیاری فٹبال اکیڈمی نے کوارٹر فائنل میں انڈونیشیا کی معروف ٹیم سیمین پادانگ ایف سی کو سخت مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دی۔
مقررہ وقت تک میچ 0-0 سے برابر رہا تاہم پنالٹی شوٹ آؤٹ میں لیاری اکیڈمی نے 2-3 سے کامیابی حاصل کی۔
گول کیپر کاشف نے میچ کے دوران ایک یقینی گول بچا کر ٹیم کو فتح دلوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
سیمی فائنل میں پہنچنے سے قبل لیاری فٹبال اکیڈمی نے آسٹریلیا کی ٹیم اوشن ریف ایس ایچ ایس کو 0-6 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔
اکیڈمی کے اسکواڈ کی قیادت اکیڈمی کے صدر شیخ عبدالرحمن کر رہے ہیں، جنہوں نے کھلاڑیوں کی تربیت اور ٹیم اسپرٹ کو سراہا۔
سنگاپور میں جاری سنگا کپ 2025 میں انڈر 8، انڈر 10، انڈر 12، انڈر 14 اور انڈر 16 کے ایونٹس میں 13 ممالک کی 160 ٹیمیں شریک ہیں۔یہ ٹورنامنٹ 9 نومبر تک جاری رہے گا۔
اس کے 15ویں ایڈیشن میں پہلی مرتبہ پیرا فٹبال کے مقابلے بھی شامل کیے گئے ہیں تاکہ خصوصی افراد کو کھیل کے میدان میں نمائندگی کا موقع فراہم کیا جا سکے۔
لیاری فٹبال اکیڈمی کی یہ کامیابی پاکستانی یوتھ اسپورٹس کے لیے ایک بڑی امید ہے۔
ماہرین کے مطابق، اگر سرکاری سرپرستی اور بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کیے جائیں تو لیاری جیسے علاقوں کے نوجوان ایشین فٹبال میں پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔