پاکستانی گلوکار طلحہ انجم نے نیپال کنسرٹ میں بھارتی پرچم لہرانے پر معافی مانگ لی
پاکستانی ریپر اور گلوکار طلحہ انجم نے حالیہ نیپال کنسرٹ کے دوران بھارتی پرچم لہرانے کے واقعے پر عوام سے باضابطہ معافی مانگ لی ہے۔ کٹھمنڈو میں ہونے والی اس پرفارمنس کی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد گلوکار کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ایک پاکستانی شہری نے انہیں قانونی نوٹس بھی بھجوایا تھا جس میں غیر مشروط معافی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طلحہ انجم نے کہا کہ کنسرٹ کے دوران ایک شخص نے انہیں بھارتی پرچم تھمایا تھا، جسے انہوں نے لہرایا نہیں بلکہ صرف کندھوں پر رکھا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اسٹیج پر ماحول مختلف ہوتا ہے اور اُس وقت وہ اپنے گانے ’’کون طلحہ‘‘ پر پرفارم کر رہے تھے، جبکہ ان کی حمایت کیلئے بھارتی ریپرز بھی وہاں موجود تھے۔ ایسے میں پرچم کو احتراماً تھامنے کا فیصلہ کیا، تاہم اس کا مقصد کسی قسم کا سیاسی اظہار نہیں تھا۔
طلحہ انجم نے کہا کہ وہ بطور گلوکار امن اور دوستی کا پیغام دیتے ہیں، لیکن اگر ان کے اس عمل سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ غیر مشروط معافی مانگتے ہیں کیونکہ وہ اپنے چاہنے والوں کی بدولت ہی اس مقام پر پہنچے ہیں۔
واضح رہے کہ طلحہ انجم کو بھیجے گئے قانونی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ان کے عمل نے پاکستانی عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی اور پاکستان و بھارت کے درمیان موجود حساس ماحول میں منفی اثرات مرتب ہوئے۔ نوٹس میں وارننگ دی گئی تھی کہ معافی نہ مانگنے کی صورت میں ایف آئی آر سمیت قانونی کارروائی کی جائے گی۔