پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر آئی بی ایس ایف اسنوکر ٹیم ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنالی
مسقط: پاکستان کے محمد آصف اور اسجد اقبال نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو 1-3 سے شکست دی اور آئی بی ایس ایف اسنوکر ٹیم ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ حاصل کرلی۔ پاکستانی جوڑی نے بھارت کے تجربہ کار کھلاڑیوں پنکج ایڈوانی اور برجیش دامانی کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا۔
سیمی فائنل میں پاکستان نے مضبوط بھارتی ٹیم کے خلاف بھرپور اعتماد کے ساتھ میدان سنبھالا اور آغاز سے ہی برتری قائم رکھی۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے درستگی، مہارت اور جارحانہ حکمت عملی کے ساتھ کھیل پیش کرکے میچ 1-3 سے اپنے نام کیا۔
اس سے قبل کوارٹر فائنل میں بھی پاکستان نے زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے قطر کو یکطرفہ مقابلے میں 0-3 سے شکست دی تھی۔
ایونٹ کا فائنل اتوار کو شام 4 بجے کھیلا جائے گا، جس میں پاکستان کا مقابلہ ہانگ کانگ سے ہوگا۔