لاہور میں دوسری بین الاقوامی باکسنگ چیمپئن شپ کا آغاز، 15 ممالک کے باکسرز ایکشن کیلئے تیار
لاہور- شہرِ لاہور میں دوسری بین الاقوامی باکسنگ چیمپئن شپ کا شاندار افتتاح ہو گیا۔ یہ عالمی معیار کا ایونٹ ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن (WBA) کے تعاون سے پاک فوج، حکومت پنجاب اور فوجی فرٹیلائزرز کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
چیمپئن شپ کے اہم مقابلے ’’فائٹ فار گلوری‘‘ کے عنوان سے جناح اسپورٹس کمپلیکس لاہور گیریژن میں منعقد ہوں گے۔ ایونٹ میں مجموعی طور پر 15 ممالک کے 44 پروفیشنل باکسرز حصہ لے رہے ہیں جن میں 6 پاکستانی جبکہ 38 بین الاقوامی فائٹرز مختلف ٹائٹلز کے لیے رِنگ میں اتریں گے۔
امریکا، برطانیہ، جرمنی، کوریا، آسٹریلیا، آئرلینڈ، فلپائن اور نیدرلینڈز سمیت کئی ممالک کے باکسرز کی پاکستان آمد جاری ہے جبکہ مختلف ممالک کے آفیشلز اور ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن کے نمائندگان بھی اجلاس اور مقابلوں میں شامل ہوں گے۔
غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی باکسرز کی عالمی سطح پر نمایاں کارکردگی کی تعریف کی ہے۔ منتظمین کے مطابق بین الاقوامی باکسنگ چیمپئن شپ کا انعقاد ملک میں کھیلوں کے فروغ، عالمی کھیلوں کے اعتماد کی بحالی اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔