پاکستان نے عالمی اوور 40 ٹی ٹوئنٹی کپ میں مسلسل چوتھی کامیابی کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

0

عالمی اوور 40 ٹی ٹوئنٹی کپ 2025 میں میزبان پاکستان نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے مسلسل اپنا چوتھا گروپ میچ جیت کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔ گروپ بی سے فائنل فور کی دوسری ٹیم کا فیصلہ امریکا اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے میچ کے بعد کیا جائے گا۔

کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز بنائے۔ کپتان اور سابق ٹیسٹ آل راؤنڈر عبدالرزاق 56 گیندوں پر 99 رنز بنا کر نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے اور ایک رن کی کمی سے سینچری مکمل نہ کر سکے۔ نائب کپتان فواد عالم نے بھی بھرپور ذمہ داری نبھاتے ہوئے 53 رنز کی اننگ کھیل کر ٹیم کے مجموعے میں اہم کردار ادا کیا۔

ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے بے بس دکھائی دی اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 100 رنز بنا سکی۔ ذوالفقار بابر اور محمد علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کر کے حریف ٹیم کو محدود کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

گروپ اے کے دیگر میچوں میں متحدہ عرب امارات نے کینیڈا کو 7 وکٹوں سے شکست دی جبکہ جنوبی افریقا نے ہانگ کانگ کو 25 رنز سے مات دی۔

گروپ بی میں آسٹریلیا نے امریکا کو 6 وکٹوں سے ہرایا، ریسٹ آف دی گلف نے ریسٹ آف دی ورلڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دی، جبکہ سری لنکا نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے با آسانی ہرا دیا۔

ایونٹ کا پانچواں اور آخری راؤنڈ جمعرات کو کھیلا جائے گا۔ گروپ اے میں جنوبی افریقا اور یو اے ای، ہانگ کانگ اور ویسٹ انڈیز، جبکہ پاکستان اور کینیڈا آمنے سامنے ہوں گے۔
گروپ بی میں آسٹریلیا کا زمبابوے، امریکا کا ریسٹ آف دی ورلڈ اور سری لنکا کا ریسٹ آف دی گلف سے مقابلہ طے ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.