پی ایس ایل کا لندن روڈ شو: عالمی سرمایہ کاروں اور شائقین کے لیے پاکستان کرکٹ کی پیشکش

0

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ وہ 7 دسمبر کو لندن میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا روڈ شو منعقد کرے گا۔ اس ایونٹ میں عالمی سرمایہ کار، کمرشل پارٹنرز اور شائقین کی شرکت متوقع ہے، جبکہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کو بیچنے کی تیاریاں بھی تیز ہو گئی ہیں، جن میں برطانوی سرمایہ کاروں کی گہری دلچسپی سامنے آ رہی ہے۔

لندن روڈ شو کا مقصد لیگ کے وژن، کمرشل ماڈل اور مستقبل کی حکمتِ عملی کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانا ہے۔ اس ایونٹ میں پاکستان سپر لیگ کی موجودہ چیمپئن لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی اور فاسٹ بولر حارث رؤف کے شرکت کرنے کے امکانات بھی ہیں۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ "لارڈز میں روڈ شو پاکستان کرکٹ کی عالمی شناخت کا مظہر ہے۔ لندن کا یہ روڈ شو ایچ بی ایل پی ایس ایل کی بین الاقوامی اپیل کو مزید بڑھائے گا۔”

دوسری جانب، سی ای او ایچ بی ایل پی ایس ایل سلمان نصیر نے کہا کہ "پاکستانی لیگ عالمی فالوؤنگ اور مضبوط کمرشل ویلیو رکھتی ہے۔ دو نئی ٹیموں کے اضافے سے سرمایہ کاروں کے لیے بڑے مواقع پیدا ہوں گے۔”

اس ایونٹ میں 30 سپر فینز کو خصوصی طور پر شرکت کا موقع دیا جائے گا اور ٹکٹ حاصل کرنے کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل دنیا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شامل ہے اور اس لندن روڈ شو سے اس کی بین الاقوامی شناخت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.