کراچی میں 35ویں نیشنل گیمز کا آغاز، مختلف مقامات پر مقابلے جاری

0

کراچی: کراچی میں 35ویں نیشنل گیمز کے مقابلوں کا باضابطہ آغاز ہوگیا ہے۔ گیمز کا آغاز پاکستان اسپورٹس بورڈ کوچنگ سینٹر میں نیٹ بال ٹورنامنٹ سے ہوا، جہاں افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن پاکستان آرمی اور واپڈا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ اس موقع پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری محمد خالد محمود نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

نیشنل گیمز کی مرکزی افتتاحی تقریب ہفتہ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوگی، تاہم کھیلوں کے کئی مقابلے اس سے پہلے ہی مختلف مقامات پر شروع ہو رہے ہیں۔
جمعہ سے مردوں اور خواتین کے فٹبال مقابلے کے پی ٹی فٹبال اسٹیڈیم میں ہوں گے، جبکہ شوٹنگ بال کے مقابلے پاکستان نیوی شوٹنگ رینج کارساز میں شروع ہوں گے۔ مرد و خواتین کی سیلنگ ریسیں پاکستان نیوی ڈاکیارڈ پر شیڈول ہیں۔

ہفتہ کو مزید تین کھیلوں کے مقابلوں کا آغاز کیا جائے گا جن میں باکسنگ کے مقابلے کے پی ٹی اسپورٹس کمپلیکس، ہاکی کے مقابلے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس اور ٹینس کے مقابلے نیا ناظم آباد جیم خانہ ٹینس کورٹس میں ہوں گے۔

کراچی کے 23 مختلف مقامات پر جاری رہنے والے نیشنل گیمز 13 دسمبر تک جاری رہیں گے، جن میں 32 کھیلوں کے مقابلوں میں ملک بھر سے 9 ہزار سے زائد مرد و خواتین ایتھلیٹس اور آفیشلز شریک ہو رہے ہیں۔ صوبوں کی ٹیموں کی آمد بھی آج سے شروع ہورہی ہے اور سندھ کے محکمہ ثقافت کی جانب سے کھلاڑیوں اور آفیشلز کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔

پیرس اولمپک 2025 کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم بھی آج کراچی پہنچیں گے، جبکہ نیشنل گیمز کی روایتی اولمپک مشعل اور قائد اعظم ٹرافی جمعرات کو میزبان سندھ کے حوالے کی جائے گی۔ ادھر گیمز کے انتظامات کا سلسلہ جاری ہے، تاہم میزبان سندھ کے لیے چیف ڈی مشن اور ڈپٹی چیف ڈی مشن کا اعلان تاحال نہیں کیا جا سکا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.