بھارت کے تین سالہ بچے نے شطرنج کا کم عمر ترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا
نئی دہلی — بھارت کے کم سن نابغہ سروگیہ سنگھ کشواہا نے شطرنج کی دنیا میں اپنی غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ کا کم عمر ترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے، جنہوں نے صرف 3 سال، 7 ماہ اور 20 دن کی عمر میں فائیڈ (FIDE) کی باضابطہ ریٹنگ حاصل کی۔
مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والا یہ ننھا چیس پلیئر اس وقت مقامی اسکول میں نرسری کا طالبِ علم ہے، جس نے اپنے غیرمعمولی کھیل کی بدولت 1,572 کی شاندار ریٹنگ بنائی۔ سروگیہ نے یہ سنگ میل اپنے ہم وطن انیش سرکار کا ریکارڈ توڑ کر حاصل کیا، جنہوں نے گزشتہ سال 3 سال، 8 ماہ اور 19 دن کی عمر میں عالمی ریٹنگ لی تھی۔
فائیڈ ریٹنگ حاصل کرنے کے لیے کھلاڑی کو لازمی طور پر کسی ریٹڈ پلئیر کو شکست دینا ہوتی ہے، جبکہ ریٹنگ ایک ایسا اسکور ہے جو کھلاڑی کی کارکردگی اور مہارت کی بنیاد پر دیا جاتا ہے۔ یہ عالمی رینکنگ کے نظام سے مختلف تصور کیا جاتا ہے۔
تیز رفتار شطرنج (Rapid Chess) میں اس وقت عالمی نمبر ایک میگنس کارلسن 2,824 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں، جو عالمی سطح پر چیس کے سب سے مضبوط کھلاڑی مانے جاتے ہیں۔
سروگیہ کے والد سدھارتھ سنگھ نے بیٹے کی کامیابی کو فخر اور اعزاز قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں گرینڈ ماسٹر کا اعزاز حاصل کرے گا۔ مقامی اور ریاستی سطح پر کھیلے گئے مقابلوں میں اس کم سن کھلاڑی نے ریٹنگ یافتہ تین کھلاڑیوں کو شکست دے کر یہ منفرد مقام پایا۔
بھارت پہلے ہی شطرنج کے عالمی منظرنامے پر ایک مضبوط ملک کے طور پر پہچانا جاتا ہے، جہاں سے کئی نامور چیمپئن ابھرے ہیں۔ ان میں حالیہ عالمی چیمپئن گوکیش ڈوماراجو اور پانچ مرتبہ کے عالمی فاتح وشواناتھن آنند شامل ہیں۔