میکسیکو میں ویپس اور الیکٹرانک سگریٹس پر سخت پابندیاں، خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے آٹھ سال قید اور بھاری جرمانہ

0

میسیکو سٹی — میکسیکو کی سینیٹ نے ویپس اور الیکٹرانک سگریٹس کی تیاری، فروخت اور استعمال کے خلاف سخت قانونی اصلاحات منظور کر دی ہیں، جس کے تحت خلاف ورزی کرنے والے افراد کو آٹھ سال تک قید اور 2 لاکھ 26 ہزار پیسوز (تقریباً 12,500 امریکی ڈالر) تک جرمانہ کیا جا سکے گا۔

یہ قانونی ترامیم حکمران جماعت کے سینیٹرز کی جانب سے جنرل ہیلتھ قانون میں کی گئی ہیں۔ اس سے قبل منگل کو ایوان زیریں نے بھی ان ترامیم کی منظوری دے دی تھی، اور اب یہ قانون صدر کلاڈیا شینبام کے دستخط کے بعد حتمی نفاذ کے لیے تیار ہے۔ صدر شینبام نے اس موقع پر کہا کہ یہ تاثر کہ ویپس سگریٹ نوشی چھوڑنے کا محفوظ متبادل ہیں، درست نہیں، اور بعض حالات میں یہ عام سگریٹس سے بھی زیادہ نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نہ عام سگریٹ نوشی کی جائے اور نہ ہی ویپس کا استعمال کیا جائے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، میکسیکو نے دنیا بھر میں انسداد تمباکو اقدامات کے تحت تقریباً دو دہائیاں قبل زیادہ تر عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کی تھی۔ حالیہ برسوں میں حکومت نے ویپس اور الیکٹرانک سگریٹس کی فروخت محدود کرنے پر خصوصی توجہ دی ہے، جبکہ ارجنٹینا اور برازیل میں بھی صحت کے خدشات کی بنیاد پر ان مصنوعات پر پابندی عائد ہے۔

اس قانون کا مقصد نوجوانوں اور عام عوام کو تمباکو کے نقصانات سے محفوظ رکھنا اور صحت عامہ کے حوالے سے خطرات کم کرنا ہے، کیونکہ ماہرین کے مطابق الیکٹرانک سگریٹس میں موجود کیمیکلز اور نکوٹین انسانی صحت کے لیے شدید خطرہ ہیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.