امریکی فوج کا تین بحری جہازوں پر حملے میں 8 افراد ہلاک
واشنگٹن — امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بین الاقوامی پانیوں میں کارروائی کرتے ہوئے تین بحری جہازوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔ چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق امریکی سدرن کمانڈ (U.S. Southern Command) نے اس کارروائی کی تصدیق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کی۔
امریکی سدرن کمانڈ کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس معلومات سے اس بات کی تصدیق ہوئی تھی کہ مذکورہ بحری جہاز مشرقی بحرالکاہل میں منشیات کی سمگلنگ کے معروف راستوں پر سفر کر رہے تھے اور براہِ راست منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث تھے۔ بیان کے مطابق کارروائی کا مقصد خطے میں غیر قانونی منشیات کی ترسیل کو روکنا اور سمندری راستوں کو محفوظ بنانا تھا۔
امریکی فوج نے مزید تفصیلات فراہم کیے بغیر کہا ہے کہ یہ آپریشن بین الاقوامی قوانین اور سمندری سلامتی کے ضوابط کے تحت انجام دیا گیا۔ تاہم ہلاک ہونے والوں کی شناخت، جہازوں کی رجسٹریشن اور منشیات کی نوعیت یا مقدار کے بارے میں فوری طور پر کوئی معلومات جاری نہیں کی گئیں۔
عالمی مبصرین کے مطابق مشرقی بحرالکاہل منشیات کی بین الاقوامی اسمگلنگ کا ایک اہم راستہ سمجھا جاتا ہے، جہاں مختلف ممالک کی بحری افواج باقاعدگی سے نگرانی اور انسدادِ منشیات کی کارروائیاں کرتی ہیں۔ اس حالیہ واقعے نے ایک بار پھر سمندری سلامتی اور بین الاقوامی قوانین کے حوالے سے بحث کو جنم دے دیا ہے۔