آپریشن سندور کے آغاز میں بھارت کو مکمل شکست کا سامنا تھا، بھارتی فضائیہ گراؤنڈ کر دی گئی: کانگریس رہنما پرتھوی راج چوہان

آپریشن سندور کے آغاز میں بھارت کو مکمل شکست کا سامنا تھا، بھارتی فضائیہ گراؤنڈ کر دی گئی: کانگریس رہنما پرتھوی راج چوہان

نئی دہلی: کانگریس کے سینئر رہنما اور مہاراشٹر کے سابق وزیرِاعلیٰ پرتھوی راج چوہان نے ایک غیر معمولی اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن سندور کے ابتدائی مرحلے میں بھارت کو مکمل شکست کا سامنا کرنا پڑا اور فضائی کارروائی کے پہلے ہی دن بھارتی افواج کو شدید نقصان اٹھانا پڑا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرتھوی راج چوہان کا کہنا تھا کہ فضائی حملوں کے پہلے آدھے گھنٹے میں ہی بھارتی آپریشن ناکام ہو چکا تھا، جبکہ چار روزہ تنازع کے دوران مزید بھارتی طیارے بھی مار گرائے گئے۔ ان کے مطابق پاکستانی ردِعمل کے خوف کے باعث بھارتی فضائیہ کو عملی طور پر مکمل طور پر گراؤنڈ کر دیا گیا تھا۔

کانگریس رہنما نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ 7 مئی کو ہونے والی آدھے گھنٹے کی فضائی جھڑپ میں بھارت کو فیصلہ کن شکست ہوئی۔ ان کے بقول، اگر گوالیار، بھٹنڈہ یا سرسا سے کوئی بھارتی طیارہ اڑان بھرتا تو اس کے پاکستان کی جانب سے مار گرائے جانے کا قوی امکان موجود تھا، اسی خدشے کے پیشِ نظر بھارتی فضائیہ کو غیر فعال رکھا گیا۔

پرتھوی راج چوہان نے آپریشن سندور کی حکمتِ عملی پر سخت سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس پوری کارروائی میں کسی قسم کی زمینی پیش قدمی نہیں کی گئی۔ ان کے مطابق آپریشن صرف فضائی اڈوں تک محدود رہا، نہ بری فوج نے پیش قدمی کی اور نہ ہی کوئی مؤثر زمینی کارروائی عمل میں لائی گئی، جس سے آپریشن کی مجموعی کامیابی پر سنگین سوالات جنم لیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل کی جنگیں بھی اسی نوعیت کی ہوں گی، جس میں فضائی طاقت کا کردار نمایاں ہوگا۔ ایسے میں انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ اگر جنگیں فضائی دائرے تک محدود رہیں تو کیا واقعی 12 لاکھ فوجیوں پر مشتمل بری فوج کی موجودہ ساخت ضروری ہے، یا انہیں کسی اور قومی ذمہ داری میں استعمال کیا جا سکتا ہے؟

پرتھوی راج چوہان کے اس بیان کے بعد بھارتی سیاسی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ حکمران جماعت اور عسکری حامی حلقوں کی جانب سے کانگریس رہنما سے بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، تاہم پرتھوی راج چوہان نے واضح طور پر کسی بھی قسم کی معافی مانگنے سے انکار کر دیا ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ بیان نہ صرف بھارتی حکومت کے بیانیے کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے بلکہ آپریشن سندور کو بھارت کے لیے ایک عسکری اور سیاسی ناسور کے طور پر بھی نمایاں کر رہا ہے، جس کے اثرات آئندہ دنوں میں بھارتی سیاست اور عسکری مباحث میں مزید گہرے ہو سکتے ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے