امریکی پابندیوں کے خاتمے پر شامی عبوری صدر احمد الشرع کا قوم سے خطاب، تاریخی دن قرار
دمشق – شام کے عبوری صدر احمد الشرع نے امریکی پابندیوں کے خاتمے پر شامی عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے اس دن کو ملکی تاریخ کا ایک اہم اور فیصلہ کن موڑ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برسوں پر محیط صبر، قربانیوں اور مشکلات کے بعد بالآخر شامی عوام کو اس جدوجہد کا ثمر مل گیا ہے۔
العربیہ اردو کے مطابق صدر احمد الشرع نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی پابندیوں کا خاتمہ دکھوں، معاشی دباؤ اور عدم استحکام کے ایک طویل باب کے اختتام کی علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت شامی عوام کے ثابت قدم عزم، قومی استقامت اور برادر ممالک و دوستوں کی مسلسل حمایت کے بغیر ممکن نہ تھی۔
عبوری صدر نے اس موقع پر شام میں تعمیرِ نو کے مرحلے کے آغاز کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب ملک کو بحالی، ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اور عوام مل کر ایک ایسے مستقبل کی بنیاد رکھیں گے جو شامی قوم اور وطن کے شایانِ شان ہو۔
صدر احمد الشرع نے کہا کہ پابندیوں کے خاتمے سے شام کی معیشت، بنیادی ڈھانچے اور عوامی فلاح کے شعبوں میں بہتری کی نئی راہیں کھلیں گی اور عالمی برادری کے ساتھ تعاون کے مواقع پیدا ہوں گے۔