پاکستان ترکیہ کا سچا اور کھرا اتحادی ہے، دوستی قیامت تک قائم رہے گی: صدر اردوان
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کو ترکیہ کا سچا اور کھرا اتحادی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی قیامت تک قائم رہے گی اور پاک ترک تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہوتے جائیں گے۔
ترک صدر نے یہ بات بحری پلیٹ فارمز کی شمولیت سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ تمام آزمائشوں کی کامیاب تکمیل کے بعد جدید جنگی جہاز PNS خیبر پاکستان بحریہ کے حوالے کیا جا رہا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کی ایک اہم مثال ہے۔
صدر اردوان نے بتایا کہ پاکستان بحریہ کی آپریشنل ضروریات کو پورا کرنے کے لیے چار ملگیم (MILGEM) کلاس جنگی جہازوں کی تعمیر کا معاہدہ کیا گیا تھا، جس پر کامیابی کے ساتھ عملدرآمد جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ نہ صرف دفاعی تعاون کو فروغ دے رہا ہے بلکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو بھی نئی جہت دے رہا ہے۔
ترک صدر نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون جاری رکھے گا اور دونوں ممالک خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔