وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے ملاقات کی، جس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے تناظر میں پاکستان کی توانائی سلامتی اور ایندھن کی بلاتعطل فراہمی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران امریکی ناظم الامور نے کہا کہ امریکا پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لیے قریبی تعاون کا خواہاں ہے، پاکستان میں امریکی کمپنیوں کے لیے کاروباری مواقع پیدا کرنا ضروری ہے، دونوں ممالک کے درمیان طویل مدتی توانائی فراہمی کے معاہدے مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔
اس موقع پر پی ایس او اور پی ایل ایل کے منیجنگ ڈائریکٹرز نے امریکی کمپنیوں کی جانب سے ایل این جی کی فراہمی میں دلچسپی سے متعلق اجلاس کو بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے امریکی ناظم الامور کو توانائی ضروریات کے تحفظ کے لیے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا، نیٹلی اے بیکر نے ایندھن کی فراہمی کی صورتحال مؤثر انداز میں سنبھالنے پر پاکستان کی تعریف کی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان اپنی توانائی ضروریات کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے، پاکستان اور امریکا کی ٹیمیں توانائی کے شعبے میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کر رہی ہیں، ملکی ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کے منصوبے امریکی مالیاتی اداروں کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کر سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر پٹرولیم نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے معدنیاتی شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی تعاون اور دوطرفہ روابط کا فروغ پاکستان کی طویل مدتی توانائی سلامتی کو مضبوط بنانے میں معاون ہوگا، وفاقی وزیر نے توانائی کے شعبے میں امریکی تعاون پر اظہارِ تشکر بھی کیا۔


