روس کا وینزویلا کے لیے مکمل حمایت کا اعلان، امریکی بحری ناکہ بندی پر شدید تشویش
ماسکو / کاراکاس – روس نے وینزویلا کے لیے “مکمل حمایت” کا اظہار کیا ہے، جب کہ کیریبین میں امریکی افواج کی جانب سے تیل بردار ٹینکروں کی روک تھام اور ناکہ بندی کے باعث وینزویلا کو بڑھتے ہوئے دباؤ کا سامنا ہے۔
روسی وزارت خارجہ کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور وینزویلا کے وزیر خارجہ یوان گل کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے کیریبین میں امریکی کارروائیوں کی شدید مذمت کی۔
بیان میں کہا گیا کہ وزرائے خارجہ نے امریکی اقدامات پر گہری تشویش کا اظہار کیا، جن میں مبینہ منشیات اسمگلنگ کے الزام میں کشتیوں پر بمباری اور حالیہ دنوں میں دو تیل بردار ٹینکروں کو قبضے میں لینا شامل ہے۔ ایک امریکی اہلکار نے اتوار کو تصدیق کی تھی کہ ایک تیسرے جہاز کا تعاقب بھی جاری ہے۔
روسی وزارت خارجہ کے مطابق “وزراء نے بحیرۂ کیریبین میں واشنگٹن کی فوجی سرگرمیوں میں اضافے کو خطے کے لیے سنگین خطرہ اور بین الاقوامی جہاز رانی کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔”
بیان میں مزید کہا گیا کہ روس نے موجودہ حالات میں وینزویلا کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔ دونوں ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ وہ دوطرفہ تعاون جاری رکھیں گے اور اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی فورمز پر ریاستی خودمختاری کے احترام اور داخلی معاملات میں عدم مداخلت کے اصول کے دفاع کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے۔
ادھر وینزویلا کے وزیر خارجہ یوان گل نے ٹیلیگرام پر جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے لاوروف کے ساتھ کیریبین میں جاری امریکی کارروائیوں، جہازوں پر حملوں، مبینہ ماورائے عدالت ہلاکتوں اور بحری قزاقی جیسے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے، جنہیں انہوں نے بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔
واضح رہے کہ چین اور روس کی حمایت سے وینزویلا کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس منگل کو منعقد ہونے جا رہا ہے، جس میں وینزویلا اور امریکہ کے درمیان بڑھتے ہوئے بحران پر غور کیا جائے گا۔
امریکی افواج نے ستمبر کے بعد سے کیریبین اور مشرقی بحرالکاہل میں متعدد کشتیوں پر حملے کیے ہیں، جن کے بارے میں واشنگٹن کا دعویٰ ہے کہ وہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث تھیں، تاہم متاثرہ خاندانوں اور متعلقہ حکومتوں کے مطابق ان کارروائیوں میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں ماہی گیر بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 16 دسمبر کو وینزویلا آنے اور جانے والے تیل بردار جہازوں کی ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا، اور الزام عائد کیا تھا کہ صدر نکولس مادورو کی حکومت تیل کی آمدنی کو منشیات دہشت گردی، انسانی اسمگلنگ، قتل اور اغوا جیسے جرائم میں استعمال کر رہی ہے۔
وینزویلا کے وزیر خارجہ کے مطابق روس نے ایک بار پھر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ امریکا کی جانب سے دباؤ اور دشمنانہ اقدامات کے دوران کاراکاس کے ساتھ مکمل طور پر کھڑا رہے گا۔