دبئی — متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں سالِ نو 2026 کے استقبال کے لیے بڑے پیمانے پر تقریبات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ دبئی حکومت کے مطابق نئے سال کی آمد پر شہر بھر کے 40 مختلف مقامات پر شاندار آتش بازی کا اہتمام کیا جائے گا۔
حکام کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دبئی کے عالمی شہرت یافتہ مقامات، جن میں برج خلیفہ، دبئی فریم، پام جمیرا اور برج العرب شامل ہیں، سالِ نو کی رات آتش بازی کے دلکش مناظر سے جگمگائیں گے۔ اس کے علاوہ دی ورلڈ آئی لینڈز، دبئی فیسٹیول سٹی، گلوبل ویلیج، السیف، حتہ اور بلیو واٹرز میں بھی رنگا رنگ تقریبات اور خصوصی پروگرامز منعقد کیے جائیں گے۔
دبئی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان تقاریب کا مقصد نہ صرف مقامی شہریوں بلکہ دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کو ایک محفوظ، یادگار اور خوشگوار جشن فراہم کرنا ہے، جس کے لیے سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی دیگر ریاستوں ابوظہبی، شارجہ اور راس الخیمہ میں بھی سالِ نو کے جشن کی تیاریاں عروج پر ہیں، جہاں 10 سے زائد مقامات پر آتش بازی کے ذریعے نئے سال کا استقبال کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق یو اے ای میں منعقد ہونے والی یہ تقریبات عالمی سطح پر ملک کی سیاحت، ثقافتی تنوع اور پرامن ماحول کی عکاس ہیں، جو ہر سال لاکھوں سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہیں۔
