ایران میں مہنگائی کے خلاف احتجاج شدت اختیار کر گیا، جھڑپوں میں 6 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
تہران – ایران میں مہنگائی اور کرنسی کی قدر میں تیزی سے کمی کے خلاف جاری احتجاج پانچویں روز بھی جاری رہا، جس دوران مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں عوامی احتجاج شدت اختیار کر گیا ہے، جہاں مظاہرین بڑھتی مہنگائی، معاشی بدحالی اور ایرانی کرنسی کی گرتی ہوئی قدر کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق بعض شہروں میں مظاہرین نے سرکاری عمارتوں پر دھاوا بولنے کی کوشش کی، جبکہ ہنگامہ آرائی میں ملوث 30 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز ملک بھر میں تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر بند رکھے گئے، جبکہ کئی علاقوں میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ احتجاجی مظاہروں کے باعث ایران میں سیاسی اور معاشی دباؤ میں اضافے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔