ایم ٹی وی نے 24 گھنٹے میوزک پر مبنی تمام آخری چینلز بند کر دیے، خالص میوزک دور کا اختتام

0

نیویارک — معروف عالمی میوزک نیٹ ورک ایم ٹی وی (MTV) نے اپنے 24 گھنٹے میوزک پر مبنی آخری چینلز بند کر دیے ہیں، جس کے ساتھ ہی 1981 میں شروع ہونے والا ایم ٹی وی کا خالص میوزک دور باضابطہ طور پر ختم ہو گیا۔

یہ بندش 31 دسمبر 2025 کو اس وقت عمل میں آئی جب ایم ٹی وی کے موجودہ ڈسٹری بیوشن معاہدے کی مدت ختم ہو گئی۔ اس کے بعد دنیا بھر میں ایم ٹی وی کا کوئی بھی میوزک اونلی چینل آن ایئر نہیں رہا۔

اس فیصلے کے تحت متعدد مقبول چینلز بند کر دیے گئے، جن میں MTV Music، MTV 80s، MTV 90s، MTV 00s، Club MTV اور MTV Live شامل ہیں۔ یہ چینلز برطانیہ، برازیل، آسٹریلیا، یورپ اور دیگر کئی خطوں میں ناظرین میں خاصے مقبول تھے۔

ایم ٹی وی انتظامیہ نے اس فیصلے کا اعلان اکتوبر 2025 میں کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق یہ اقدام پیراماؤنٹ اور اسکائی ڈانس انضمام کے بعد اخراجات میں کمی کی پالیسی کا حصہ ہے۔ تاہم ایم ٹی وی کا مرکزی چینل بدستور نشریات جاری رکھے گا، جہاں اب زیادہ تر ریئلٹی شوز، پاپ کلچر اور تفریحی پروگرام دکھائے جائیں گے۔

چینلز کی بندش کے موقع پر ہر چینل نے نشریات کے اختتام سے قبل ایک مخصوص گانا نشر کیا، جس نے ناظرین کو جذباتی کر دیا۔ خاص طور پر MTV Music نے وہی گانا نشر کیا جس سے ایم ٹی وی نے 1981 میں اپنی نشریات کا آغاز کیا تھا، جسے شائقین نے نیٹ ورک کی تاریخ کو خراجِ تحسین قرار دیا۔

ایم ٹی وی کے اس فیصلے کو ڈیجیٹل اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کے بڑھتے ہوئے رجحان اور روایتی میوزک چینلز کی کم ہوتی مقبولیت کے تناظر میں ایک علامتی موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.