نیویارک – میئر نیویارک ظہران ممدانی نے وینزویلا پر امریکی فوجی کارروائی کو عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی خودمختار ملک پر حملہ کرنا دراصل جنگ کے مترادف ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں میئر نیویارک نے وینزویلا میں امریکی کارروائی پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف بین الاقوامی قانون بلکہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے بھی منافی ہیں۔
ظہران ممدانی کا کہنا تھا کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلورس کو نیویارک کی جیل میں رکھنے کا منصوبہ تشویشناک ہے اور اس امریکی اقدام کے اثرات نیویارک میں مقیم وینزویلا کے شہریوں پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کے فیصلے نیویارک جیسے کثیر الثقافتی شہر میں سماجی اور سیاسی تناؤ کو بڑھا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا نے حالیہ فوجی کارروائی کے دوران وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا ہے، جس پر وینزویلا نے شدید ردعمل دیتے ہوئے امریکی حملے کی سخت مذمت کی ہے۔
وینزویلا کی حکومت کا مؤقف ہے کہ امریکی کارروائی کا اصل مقصد وینزویلا کے تیل اور معدنی وسائل پر قبضہ کرنا ہے، جبکہ اس اقدام نے عالمی سطح پر شدید تشویش اور سفارتی کشیدگی کو جنم دیا ہے۔
