روسی تیل پر تعاون نہ کرنے کی صورت میں بھارت پر ٹیرف بڑھا سکتے ہیں، ٹرمپ کی دھمکی
واشنگٹن — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت روسی تیل کے معاملے پر امریکا کے ساتھ تعاون نہیں کرتا تو واشنگٹن نئی دہلی پر درآمدی ٹیرف میں اضافہ کر سکتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا روسی تیل کے حوالے سے بھارت کے مؤقف اور اقدامات کا بغور جائزہ لے رہا ہے، اور تعاون نہ ہونے کی صورت میں سخت تجارتی اقدامات زیر غور ہیں۔
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں وینزویلا سے متعلق سخت مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ امریکا کو وینزویلا میں تیل اور دیگر قدرتی وسائل تک مکمل رسائی حاصل ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وینزویلا نے درست رویہ اختیار نہ کیا تو امریکا ایک اور فوجی کارروائی بھی کر سکتا ہے۔
امریکی صدر نے میکسیکو کے حوالے سے کہا کہ اس معاملے پر کچھ نہ کچھ کرنا ہوگا اور میکسیکو کو اپنا نظام درست کرنا پڑے گا۔
کولمبیا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ملک اس وقت ایک “بیمار شخص” کے زیرِ قیادت ہے جو زیادہ عرصہ اقتدار میں نہیں رہے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کولمبیا کی حکومت کے خلاف نئی فوجی کارروائی کا آپشن انہیں بہتر لگتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ وینزویلا میں حالیہ امریکی آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے تمام امریکی فوجی اہلکار خیریت سے ہیں۔
کیوبا سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیوبا خود ہی زوال کے قریب ہے اور ممکن ہے کہ وہاں فوجی مداخلت کی ضرورت ہی نہ پڑے۔
یوکرین جنگ کے تناظر میں صدر ٹرمپ نے روسی صدر کی رہائش گاہ پر مبینہ یوکرینی ڈرون حملے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی انٹیلی جنس اداروں کے پاس اس حملے کے بارے میں واضح شواہد موجود نہیں ہیں۔