اسلام آباد میں راک کلائمبنگ چیمپئن شپ کا شاندار آغاز
اسلام آباد میں راک کلائمبنگ چیمپئن شپ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، جس میں ملک بھر سے نوجوان کھلاڑیوں نے جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق الپائن کلب آف پاکستان اور انٹرپروونشل کوآرڈینیشن (آئی پی سی) ڈویژن کے اشتراک سے منعقد ہونے والی اس قومی سطح کی راک کلائمبنگ چیمپئن شپ نے نوجوانوں کی بڑی تعداد کو اپنی جانب متوجہ کیا۔ مقابلے میں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور پاکستان کے تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والے لڑکوں اور لڑکیوں نے حصہ لیا اور اپنی غیر معمولی مہارت، جسمانی طاقت اور حوصلے کا عملی مظاہرہ کیا۔
چیمپئن شپ کا مقصد راک کلائمبنگ اور کوہ پیمائی کے فروغ کے ساتھ ساتھ نوجوانوں میں خود اعتمادی، برداشت اور مشکل چیلنجز قبول کرنے کے جذبے کو پروان چڑھانا ہے۔ منتظمین کے مطابق ایسے ایونٹس نہ صرف کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں بلکہ نوجوان نسل کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اس موقع پر الپائن کلب آف پاکستان کے چیئرمین میجر جنرل (ر) عرفان نے کہا کہ باصلاحیت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مزید مواقع فراہم کیے جائیں گے اور ایڈونچر اسپورٹس کے شعبے میں پاکستان کو نمایاں مقام دلانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
سیکریٹری آئی پی سی ڈویژن محی الدین وانی نے چیمپئن شپ کو ایک قابلِ تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ پاکستان میں ایڈونچر اسپورٹس کے فروغ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو مستقبل میں ملک کے لیے مثبت نتائج کا باعث بنے گا۔