ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے کے فیصلے پر پاکستان کی بنگلادیش کو مکمل حمایت کی یقین دہانی

0

اسلام آباد – پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے کے بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مشکل وقت میں پاکستان بنگلادیش کے ساتھ کھڑا ہے اور ضرورت پڑنے پر اس معاملے کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سامنے بھی اٹھایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق حالیہ دنوں بھارتی کرکٹ بورڈ نے انتہا پسند حلقوں کے دباؤ پر آئی پی ایل سے بنگلادیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو باہر کر دیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد ان کی فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک شاہ رخ خان کو بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، یہاں تک کہ انہیں غدار جیسے القابات سے بھی نوازا گیا۔ اس واقعے نے بنگلادیش میں سیکیورٹی خدشات کو مزید سنگین بنا دیا۔

بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر ایک کھلاڑی کو مناسب تحفظ فراہم نہیں کیا جا سکتا تو پوری قومی ٹیم کی سیکیورٹی کیسے یقینی بنائی جا سکتی ہے۔ اسی تناظر میں حکومت کی ہدایت پر بی سی بی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت جانے سے انکار کر دیا، جبکہ ملک میں بھارتی لیگ کی نشریات پر بھی پابندی عائد کر دی گئی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس فیصلے کو بنگلادیش کا جائز اور اصولی مؤقف قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ سفارتی اور کرکٹ فورمز پر بنگلادیش کی ہر ممکن حمایت کرے گا۔ پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ اگر صورتحال نے تقاضا کیا تو آئی سی سی سے بھی باضابطہ رابطہ کیا جائے گا تاکہ کھلاڑیوں کی سیکیورٹی اور منصفانہ سلوک کو یقینی بنایا جا سکے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.