صدر مملکت آصف زرداری جرمنی کے دورے پر جہاں ان کی صدر فرینک والٹر سٹائن مائر سے ملاقات ہوئی جس دوران پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید ،شراکت داری بڑھانے پر زور دیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق صدر آصف زرداری اور جرمن صدر کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے، صدر زرداری نے جرمن صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ۔ملاقات میں معیشت وتجارت،ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز،موسمیاتی تبدیلی،ہنرمندی،عوامی رابطوں پر بھی گفتگو کی گئی۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان جرمنی کو اہم یورپی شراکت دار کے طور پر بہت اہمیت دیتاہے، سائنسی ترقی،صحت،تعلیم،تجارتی شعبےمیں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
آصف زرداری نے امریکا اور ایران کے تنازع میں پاکستان کے مخلصانہ ثالثی کردار کو تسلیم کرنے پر اظہار تشکر کیا اورع کہا کہ پاکستان علاقائی،عالمی امن واستحکام کیلئے مذاکرات کا حامی ہے۔
جرمن صدر نے سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ پر صدرمملکت کے دورے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ امید ہے دونوں ملک تعلیمی اشتراک،تجارتی شعبے میں کوششیں تیز کریں گے۔ جرمن صدر نے علاقائی اور عالمی تنازعات کے حل میں پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا۔ ملاقات میں افغانستان سے متعلق چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔


