سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد الیاس جگر کے کینسر میں مبتلا، آج لاہور میں سرجری ہوگی
لاہور – پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس جگر کے کینسر میں مبتلا ہو گئے ہیں اور ان کی لاہور کے ایک مقامی اسپتال میں سرجری کی جائے گی۔ محمد الیاس نے اپنی جلد صحتیابی کے لیے مداحوں اور اہلِ کرکٹ سے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی ہے۔
79 سالہ محمد الیاس نے پاکستان کی جانب سے 10 ٹیسٹ میچز میں نمائندگی کی جبکہ وہ 82 فرسٹ کلاس میچز بھی کھیل چکے ہیں۔ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ میں بطور چیف سلیکٹر اہم ذمہ داریاں انجام دیں۔
وہ قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن، جونیئر سلیکشن کمیٹی اور ویمن کرکٹ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں، اور پاکستان کرکٹ کی نچلی سطح سے لے کر اعلیٰ سطح تک ٹیلنٹ کی تلاش میں ان کا کردار ہمیشہ نمایاں رہا ہے۔
اہلِ کرکٹ حلقوں اور مداحوں کی جانب سے محمد الیاس کی جلد صحتیابی کے لیے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔