تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ اگر امریکا دوبارہ حملہ کرتا ہے تو ایران کی فوج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ناقابل فراموش سبق سکھائے گی اور خطے میں موجود تمام امریکی تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے گا۔
قالیباف نے یہ بات تہران میں حکومت کے حق میں نکالی جانے والی عوامی ریلی سے خطاب کے دوران کہی اور کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آج سے اعلان جنگ ہے اور دشمن کبھی اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
ایرانی اسپیکر نے امریکی صدر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "خیالی دنیا میں رہنے والے ٹرمپ آپ سے جو جھوٹ بولے جا رہے ہیں اُن پر یقین نہ کریں۔” انہوں نے مزید کہا کہ ایران چار محاذوں پر جنگ لڑ رہا ہے، جن میں اقتصادی، نفسیاتی، امریکی اور اسرائیلی مداخلت شامل ہے۔ قالیباف نے کہا کہ اب شرپسند عناصر سے بھی سختی سے نمٹا جائے گا۔
اس دوران ریلی کے شرکا جوش و خروش کے ساتھ امریکا مخالف نعرے لگاتے رہے۔ اسپیکر نے عوام کے اتحاد اور حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایرانی قوم کسی دباؤ یا دھمکی کے سامنے نہیں جھکے گی۔
