امریکا کے اقدامات عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں، روس
ماسکو – روس نے امریکی کارروائیوں کو عالمی نظام اور بین الاقوامی قانون کے لیے خطرہ قرار دے دیا ہے۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا کہ امریکا وینزویلا میں اپنی مداخلت جاری رکھے ہوئے ہے اور ایران پر حملے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ ان کے مطابق امریکی اقدامات بین الاقوامی نظام کو تقسیم کر رہے ہیں، جسے واشنگٹن نے برسوں قبل قائم کیا تھا، اور یہ عالمی امن و استحکام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
لاوروف نے مزید کہا کہ روس ایران کے ساتھ طے شدہ معاہدوں پر قائم ہے اور کوئی تیسرا ملک اس میں مداخلت نہیں کر سکتا۔ روسی وزارت خارجہ نے اس سے قبل واضح کیا تھا کہ ایران کے اندرونی معاملات میں غیرملکی مداخلت ناقابل قبول ہے اور ایران کو رنگین انقلاب کے ذریعے کمزور کرنے کی کوششیں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی حکام کے ساتھ تمام ملاقاتیں منسوخ کرتے ہوئے عوام سے احتجاج میں شدت لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا: "میک ایران گریٹ اگین، میں نے ایرانی حکام سے تمام ملاقاتیں منسوخ کر دی ہیں۔”