بھارت میں ریلوے ریٹائرڈ ملازمین کو دیے گئے گولڈ پلیٹڈ تمغے جعلی نکلے

0

نئی دہلی / اندور – بھارت میں ریلوے کے ریٹائرڈ ملازمین کو اعزاز کے طور پر دیے گئے گولڈ پلیٹڈ چاندی کے تمغے جعلی ثابت ہو گئے، جس کے بعد ایک بڑا اسکینڈل سامنے آ گیا ہے۔ لیبارٹری ٹیسٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ تمغے تقریباً مکمل طور پر تانبے سے تیار کیے گئے تھے اور ان میں چاندی کی مقدار محض 0.23 فیصد تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تمغے ویسٹ سینٹرل ریلوے کی جانب سے ریٹائر ہونے والے سینئر ملازمین کو پیش کیے گئے تھے، جنہیں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ 99 فیصد خالص چاندی پر مشتمل ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق یہ تمغے جنوری 2023 میں اندور کی ایک نجی کمپنی سے خریدے گئے تھے۔ ہر تمغہ 20 گرام وزنی تھا، جس کی قیمت 2 ہزار سے 2 ہزار 200 بھارتی روپے ادا کی گئی۔ مجموعی طور پر 3 ہزار 631 تمغے فراہم کیے گئے تھے۔

شکایت سامنے آنے کے بعد ریلوے ویجیلنس نے معاملے کی تحقیقات شروع کیں اور نیشنل ایکریڈیٹیشن بورڈ برائے ٹیسٹنگ اینڈ کیلیبریشن لیبارٹریز (NABL) سے منظور شدہ، سمیت متعدد سرکاری لیبارٹریز میں تمغوں کی جانچ کروائی، جہاں جعلسازی کی تصدیق ہو گئی۔

واقعے کے بعد ریلوے حکام نے سپلائر کمپنی کو بلیک لسٹ کر دیا ہے جبکہ بھوپال میں ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے۔

بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ صرف مالی نقصان تک محدود نہیں بلکہ ریٹائرڈ ملازمین کی عزت، اعتماد اور وقار سے جڑا ہوا ہے۔ باقی تمام تمغے ضبط کیے جا رہے ہیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.