لاہور – پاکستانی فلم انڈسٹری کی مایہ ناز اداکارہ نِشو بیگم کی ایک حالیہ ڈانس ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں وہ معروف ڈاکٹر عمر عادل کے ساتھ ایک تقریب میں رقص کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
اس تقریب کے دوران دونوں نے نِشو بیگم کے مشہور پنجابی گانے ’وے سب توں سونہیاں‘ پر رقص کیا، جس نے حاضرین اور سوشل میڈیا صارفین کی بھرپور توجہ حاصل کی۔ ویڈیو میں نِشو بیگم کی دلکش اسٹیج پریزنس، پُراعتماد انداز اور پرکشش ڈانس موؤز کو مداحوں نے بے حد سراہا۔
اس موقع پر نِشو بیگم نے چاندی کی کڑھائی سے مزین سیاہ مخملی گاؤن زیب تن کیا تھا، جس نے ان کے کلاسک انداز کو مزید نمایاں کر دیا۔ صارفین نے سوشل میڈیا پر دونوں کی کیمسٹری، باہمی احترام اور فن کی خوبصورتی کی تعریف کی، جبکہ ایک صارف نے انہیں ’’زندہ لیجنڈز‘‘ قرار دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
نِشو بیگم، جو اپنی شاندار فلموں، مقبول گانوں اور پُراعتماد شخصیت کے باعث آج بھی شائقین کے دلوں پر راج کر رہی ہیں، اکثر سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیوز اور تقریبات کی جھلکیاں شیئر کرتی رہتی ہیں۔ ان دنوں وہ لاہور میں دوستوں کی محفلوں اور مختلف تقریبات سے خوب لطف اندوز ہو رہی ہیں۔
