ٹی 20 ورلڈ کپ بحران: بنگلادیش کرکٹ بورڈ کا کھلاڑیوں اور وزیرِ کھیل کے ساتھ ہنگامی اجلاس طلب

0

ڈھاکہ — بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے تناظر میں کھلاڑیوں اور وزیرِ کھیل کے ساتھ آج ایک اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے بھارت جانے کے حوالے سے ان کی رائے اور تحفظات براہِ راست لیے جائیں گے، تاکہ حتمی فیصلہ تمام فریقوں کی مشاورت سے کیا جا سکے۔

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلادیش کی جانب سے میچز کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی اور واضح کیا کہ ٹورنامنٹ شیڈول میں کسی قسم کی تبدیلی ممکن نہیں۔

آئی سی سی نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو جمعرات تک حتمی فیصلہ دینے کی مہلت دے دی ہے کہ آیا ٹیم بھارت جا کر ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی یا نہیں۔

آئی سی سی حکام کے مطابق اب فیصلہ مکمل طور پر بنگلادیش کے کورٹ میں ہے، اور اگر ٹیم بھارت روانہ نہیں ہوئی تو ٹورنامنٹ میں اس کی جگہ متبادل ٹیم شامل کرنے کے انتظامات شروع کر دیے جائیں گے ذرائع کے مطابق ممکنہ متبادل ٹیم کے طور پر اسکاٹ لینڈ کا نام زیرِ غور ہے۔

ادھر عبوری بنگلادیشی حکومت نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث ٹیم کو بھارت بھیجنے پر شدید تحفظات موجود ہیں۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ کھلاڑیوں، آفیشلز اور معاون عملے کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔حکام کے مطابق حالیہ سیاسی اور سیکیورٹی حالات کے تناظر میں بھارت کو محفوظ وینیو قرار دینا مشکل ہو گیا ہے۔

کرکٹ حلقوں کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے بنگلادیش کرکٹ کی تاریخ کے انتہائی فیصلہ کن لمحات ثابت ہو سکتے ہیں، کیونکہ ایک جانب ورلڈ کپ سے ممکنہ اخراج کا خدشہ ہے، جبکہ دوسری طرف حکومتی سیکیورٹی خدشات ایک بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں ووٹنگ کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ اگر بنگلادیش ٹیم بھارت نہ گئی تو متبادل ٹیم کو شامل کر کے ٹورنامنٹ مقررہ شیڈول کے مطابق ہی کرایا جائے گا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.